کورونا کے سبب محدود حج، بیرون ملک کے عازمین نہیں آسکیں گے

سعودی عرب نے اس سال کرونا وائرس کی وَبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حجِ بیت اللہ کا اعلان کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق اس مرتبہ ذی الحجہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو محدود تعداد میں فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی اور یہ غیرملکی وہی ہوں گے جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ان کے علاوہ محدود تعداد میں سعودی شہری فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔

وزارت نے اس بات پر زوردیا ہے کہ مملکت نے ہمیشہ عازمین حج اور عمرہ کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے۔اس فیصلے کا مقصد بھی یہ ہے کہ کرونا وائرس کی وَبا سے کسی عازم حج کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔

اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ صحتِ عامہ کے نقطہ نظر سے حج بیت اللہ کی محفوظ انداز میں ادائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس دوران میں تمام حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی جائے،وبا کے خطرات سے بچنے کے لیے سماجی فاصلے کے پروٹوکولز کی پاسداری کی جائے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق بنی نوع انسان کی زندگیوں کا تحفظ کیا جائے۔