ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی میں حکومت کی بڑی پیش رفت

چئیرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تمام بینک ایف بی آر کو معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبرزیدی نے کہا کہ ماہانہ 2 لاکھ روپےیا اس سے زیادہ کا کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والوں اور یومیہ 50 ہزار روپے سے زیادہ کیش نکلوانے والوں کا ڈیٹا فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں نے ایف بی آر کو معلومات فراہم کرنے سے متعلق تمام مقدمات واپس لے لیے ہیں۔

شبر زیدی نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان بینک ایسوسی ایشن اور تمام بنکوں کے صدور سے مفاہمت کے بعد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بینکس کی طرف سے کسی بھی اکاونٹ سے ماہانہ 10 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ٹیکس کٹوتی کے حامل افراد کی معلومات بھی دی جائیں گی، جبکہ 1 ماہ میں 1 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ رقوم جمع کرانے والوں کے کوائف بھی دیے جائیں گے۔