کورونا کے بہانے چپ لگانے کا الزام، بل گیٹس بول پڑے

مائیکرو سوفٹ کے بانی نے کرونا وائرس کی ویکسین کے ساتھ لوگوں میں مائیکرو چِپ لگانے کے سازشی نظریے کو مسترد کردیا ہے.

دنیا میں وَبا پھیلنے کے بعد بل گیٹس پر یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ اس کے علاج کی ویکسین کے ساتھ ایک چِپ بھی شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس کے ذریعے وہ دنیا بھر کی نگرانی کرسکیں مگر انھوں نے صحافیوں سے گفتگو میں اس طرح کی باتوں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

بل گیٹس نے کہا کہ جس انداز میں یہ بات پھیلائی جارہی ہے،آپ اس کو مضحکہ خیز کہہ سکتے ہیں لیکن میرے خیال میں یہ کوئی مزاح نہیں۔ میرا کبھی مائیکرو چپ طرز کی کسی چیز سے کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کی تردید بھی مشکل ہے کیونکہ یہ ایک ایسی احمقانہ اور حیران کن چیز ہے۔

مائیکروسوفٹ کے بانی پر یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ کرونا کی ویکسین اسی لیے تیار کروا رہے ہیں کہ وہ اس میں ایک ایسی مائیکرو چپ شامل کرسکیں جس کے ذریعے وہ دنیا کی پوری آبادی کا سراغ لگا سکیں گے اور اس کو کنٹرول کرسکیں گے۔اس سازشی نظریے کو بالعموم مسترد کیا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اس میں کچھ نہ کچھ حقیقت ضرور ہے۔

یاہو نیوز اور یو گورنمنٹ کے ایک سروے کے مطابق امریکا میں 44 فی صد ری پبلکنز اس سازش نظریے میں یقین رکھتے ہیں جبکہ صرف 26 فی صد ری پبلکنز نے اس اسٹوری کو غلط قرار دیا ہے۔دوسری جانب 19 فی صد ڈیمو کریٹس بھی اس نظریے میں یقین رکھتے ہیں۔

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ یہ تھیوری احمقانہ‘‘ ہے، اور اس سے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔