قرآن حکیم کا مصنف کونِ

قران حکیم کا مصنف کون ہے؟
۔
کیا وہ ایک زبردست مقرر ہے جس کا خون گرماتا انداز بیان اس کتاب کی ہر آیت سے ظاہر ہوتا ہے؟
۔
کیا وہ ایک حکیم فلسفی ہے جس کا فلسفہ انسانی زندگی کے فکر و کردار دونوں میں انقلاب برپا کردیتا ہے؟
۔
کیا وہ ایک بہترین شاعر ہے جس کا حسن و ترتیب اس کتاب کی ہر ایک سورت سے عیاں ہوتا ہے؟
۔
کیا وہ ایک عربی ماہر لسانیات ہے جس کی لسانی مہارت کا ڈنکا اس کتاب کی شکل میں پورے عرب عالم کو جکڑے ہوئے ہے؟
۔
کیا وہ ایک بلند پایہ مصنف ہے جس کی کتاب کا اسلوب اپنے قاری کو ساری زندگی سحر میں گرفتار رکھتا ہے؟
۔
کیا وہ ایک درویش صفت صوفی ہے جس کی کتاب سالک کو روحانیت کی اونچی ترین منازل تک لے جاتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک فصیح و بلیغ قانون دان ہے جس کی کتاب نکاح و طلاق سے لے کر وراثت و قرض تک کے قانون بیان کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک انقلابی نظام ساز ہے جس کی کتاب سود سے پاک معیشت سے لے کر قانونی سزائوں کے اطلاق تک ایک عملی نظام پیش کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک بڑا موٹیویشنل اسپیکر ہے جس کی کتاب ہر مایوس کو نیا ولولہ عطا کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک شہرہ آفاق نفسیات دان ہے جس کی کتاب 300 سے بھی زائد مقامات پر نفس کی تذکیر یعنی شخصیت سازی کا بیان کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک زیرک منصوبہ ساز ہے جس کی کتاب ہر موجود دور اور ہر آنے والے دور کا درست ترین پیشن نقشہ پیش کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک نامور سائنسدان ہے جس کی کتاب کئی آفاقی حقیقتوں سے پردہ اٹھاتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک تاریخ کا استاد ہے جس کی کتاب بیشمار تاریخی واقعات پڑھنے والے کو پڑھاتی ہے؟
۔
کیا وہ ایک ماہر سماجیات ہے جس کی کتاب شوہر، بیوی، والدین، اولاد، پڑوسی، مسافر، رشتے دار، امیر، غریب سب کے سماجی حقوق سب کے کردار متعین کرتی ہے؟
۔
کیا وہ ۔۔۔۔۔
۔
تو دل میں تو آتا ہے، سمجھ میں نہیں آتا
بس جان گیا میں، تیری پہچان یہی ہے !
۔
====عظیم نامہ====