آپ نکل جائیے، ہواوے کا بڑا فیصلہ

(humurdu.com)
تنازعات میں گھری چین کی معروف ٹیلی کام کمپنی ‘ہواوے’ نے اپنے ملازمین کو امریکی اداروں سے ‘تکنیکی روابط’ کو منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے اپنے چینی ہیڈ کوارٹر سے متعدد امریکی ملازمین کو برطرف کردیا۔

ہواوے کی جانب سے یہ اقدام ایسے موقع پر سامنے آیا جب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی و ٹیکنالوجی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کا اصل ہدف ہواوے ہے۔

‘اے پی’ کی رپورٹ میں ‘فنانشل ٹائمز’ اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہواوے کے چیف اسٹریٹجی آرکٹیکٹ ڈانگ وینشوان کا کہنا تھا کہ امریکی محکمہ تجارت کی فہرست، جس کے تحت امریکی اداروں کو سرکاری اجازت نامے کے بغیر ہواوے کو ٹیکنالوجی کے فروخت کی اجازت نہیں ہوتی، کے بعد ہواوے کے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ شعبے سے امریکی شہریوں کو 2 ہفتے قبل برطرف کردیا گیا تھا۔

اخبار کے مطابق ہواوے میں امریکی ملازمین سے اپنے لیپ ٹاپ واپس کرنے اور کمپنی کی حدود چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔

تاہم ہواوے نے اخبار کی رپورٹ پر رائے دینے سے معذرت کرلی۔

چینی وزارت تجارت نے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں، اداروں اور اشخاص کے حوالے سے ہم بھی اپنی فہرست تیار کریں گے اور اس میں انہیں ڈالیں گے جو ان کے لیے ‘ناقابل بھروسہ’ ہیں۔
humurdu.com fastest growing urdu news website of Pakistan