12 جی بی ریم 1 ٹی بی اسٹوریج ، یہ فونز کہاں تک جائیں گے

ٹیکنالوجی سے لیس الیکٹرانک مصنوعات بنانے والی صف اول کی کمپنی سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کی آمد میں ابھی ڈیڑھ سے 2 ماہ باقی ہیں مگر اس کے حوالے سے افواہیں اور اطلاعات مسلسل سامنے آرہی ہیں۔
سال 2019 کے شروع میں متعارف کرائے جانے والا ایس سیریز کا گلیکسی فون 4 مختلف ورژن میں متعارف ہوگا جس میں سے ایک فائیو جی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرے گا۔
ایک نئی لیک کے مطابق گلیکسی ایس 10 کا ایک ورژن دنیا کے دیگر اسمارٹ فونز سے بالکل مختلف ہوگا کیونکہ اس میں 12 جی بی ریم اور 1 ٹی بی یعنی 1 ہزار جی بی اسٹوریج دی جائے گی۔
یہ دنیا کا پہلا فون ہوگا جس میں 12 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج ہوگی، ابھی سب سے زیادہ اسٹوریج 512 جی بی ہے جو کہ ہیواوے کے پی میٹ آر ایس پورشے ڈیزائن، آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس اور گلیکسی نوٹ 9 میں دستیاب ہے۔
اب تک کوئی بھی اسمارٹ فون ایسا نہیں جس میں 12 جی بی ریم دی گئی ہے مگر گلیکسی ایس 10 کے ایک ورژن میں یہ دونوں فیچرز دیئے جائیں گے۔
یہ واضح نہیں کہ ایس 10 کے کس ورژن میں یہ فیچرز دیئے جائیں گے مگر امکان ہے کہ وہ ایس 10 پلس ہی ہوگا کیونکہ دیگر فونز میں 8 جی بی سے زیادہ ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا ہی امکان ہے۔

گلیکسی ایس 10 کے چار ورژن میں 5.8 انچ کے فلیٹ اسکرین والا فون نسبتاً سستا ہوگا جس میں فلیگ شپ جیسے کچھ فیچرز تو ہوں گے مگر کیمرے اور دیگر بنیادی چیزوں میں یہ اتنا بہترین نہیں ہوگا۔ دیگر 2 مہنگے ورژن خم دار ڈسپلے، فرنٹ پر سنگل جبکہ بیک پر 3 کیمروں کے سیٹ سے لیس ہوں گے، جبکہ ان میں فنگرپرنٹ سنسر بھی اسکرین کے اندر دیئے جانے کا امکان ہے