چھ ماہ میں پانچ سائنس پارک قائم کریں گے، سواتی

وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بہتر مواقع اور سازگار ماحول ، تیز تر ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں عالمی یوم سائنس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے ذریعے ہم دنیا میں پاکستان کا اعتدال پسند تشخص پیش کرسکتے ہیں۔

اعظم سواتی نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کےلئے اپنی نوعیت کا پہلا سائنس پارک لاہور میں قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ کے اندر ملک بھر میں چار سےپانچ سائنس پارک قائم کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے ترقی و خوشحالی کے ثمرات حاصل کرنے کے لئے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں یونیسکو کی ڈائریکٹر نے کہا کہ سائنس اوراس کے اطلاق نے زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول بھی سائنس و ٹیکنالوجی پر منحصر ہے۔